غازی پور،18؍نومبر(آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو اتر پردیش میں امن کے لیے 2022 کے اسمبلی انتخابات میں اقتدارکی تبدیلی کا دعویٰ کیا اورکہاہے کہ آنے والے انتخابات میں پوری ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کا صفایا ہو جائے گا۔ اکھلیش یادونے ایک بارپھرکہاہے کہ ایکسپریس وے ایس پی حکومت کا تحفہ ہے، لیکن موجودہ حکومت میں ایکسپریس وے کی ترقی آدھی ادھوری رہ گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیاہے کہ پچھلی ایس پی حکومت نے بازار سمیت تمام سرکاری سہولیات کا انفراسٹرکچر تیار کیا تھا جو مکمل نہیں ہوسکا۔ غازی پور میں اپنے خطاب میں انہوں نے کہاہے کہ آنے والے وقت میں تبدیلی کی لہر نظر آرہی ہے اور غازی پور سرحد سے لے کر پوری ریاست میں بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔ ریاست میں امن کے لیے اگلے سال ہونے والے انتخابات میں تبدیلی کی جائے گی۔
اکھلیش نے کہاہے کہ یوگی حکومت میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ مہنگا ہو گیا ڈیزل-پٹرول، یہ وہی لوگ ہیں جو کہتے تھے کہ چپل میں چلنے والے کسان کو بھی ہوائی جہاز میں بٹھا دیاجائے گا۔ جس طرح ڈیزل-پٹرول مہنگا، غریب کسان کی گاڑی نہیں چل رہی ہے، کھاد چوری ہو رہی ہے۔ ریاست میں بیل اوربلڈوزر چل رہے ہیں اور اسے ختم کرنا ہوگا۔